کیا کیریئر کونسلنگ سے نقصان بھی ہوجاتا ہے؟
: Yousuf Almas
کیا کیریئر کونسلنگ سے نقصان بھی ہوجاتا ہے؟
یوسف الماس ، کیریئر کونسلر
اسلام میں نماز کا مقام اور اہمیت بہت زیادہ ہے۔ نماز اللہ تعالیٰ سے ہمکلام ہوناہے۔ نماز دین کا ایک ستون ہے۔ سب سے زیادہ احکامات اور تاکید نماز کی ہے۔ اگر اتنی اچھی چیز اپنے متعین طریق کار اور اوقات سے ہٹ کر پڑھی جائے۔ نماز میں پڑھنے کی ترتیب آگے پیچھے کر دی جائے۔ اپنی یا کسی اور کی مرضی سے کچھ تبدیلیاں کردی جائیں تو تمام خشوع اور خضوع کے باجود کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔ نماز پڑھنے والے کو اعتماد اور یقین نہیں ہوگا تو نماز اپنے اثرات کھودے گی۔ اس دنیا میں کوئی چیز کتنی ہی اچھی کیوں نہ ہو اگر اسے اس کے درست طریق کار کے مطابق استعمال نہیں کریں گے تو وہ اچھی سے اچھی چیز بھی اپنے اثرات کھو دے گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مستقبل کے کیریئر کی منصوبہ بندی اور انتخاب میں کیریئر کونسلنگ کے بہت سے فوائد ہیں لیکن اس بہترین کام میں بھی کچھ خرابیاں آجاتی ہیں۔
جب آپ کسی کونسلر سے رہنمائی لینے جاتے ہیں تو بعض اوقات آپ کے دل میں غیر یقینی نے جگہ لے رکھی ہوتی ہے کہ معلوم نہیں کامیابی ملے گی یا نہیں۔ دوسری جانب کونسلر آپ کی صلاحیتوں، قابلیتوں اور توقعات کا محض اندازہ ہی لگا تا ہے۔ بہت مضبوط بنیادوں پر یقین سے بات نہیں کرتا۔ اپنے تجزیے کا کھل کر اظہار نہیں کرتا۔ متعین بات کرکے آپ کو اعتماد نہیں دیتا اور محض کالج یا یونیورسٹی سے پاس آؤٹ ہونے کی تسلی دیتا ہے۔ ایسے میں آپ کے لیے اعتماد اور یقین کے ساتھ چار سے پانچ سال گزارنا مشکل ہوجاتا ہے۔ آپ کے فارغ التحصیل ہونے کے وقت کام کے بازار کے حالات بدل چکے ہوں گے۔ اب پریشانی اور اضطراب آپ کا گھیراؤ کر لے گا۔
یہ لازمی اور بنیادی بات ہے کہ کیریئر کونسلر قابل اور سمجھدار ہو۔ محض تعلیم کے چند شعبوں سے واقف اور زبان کی تیزی سے آپ کو صحیح رستہ نہیں دکھایا جاسکتا۔ بعض کونسلرز دوسروں کو جاننے کے علم سے ناواقف ہوتے ہیں۔ انسانی معاشرے کی ترقی و ترویج کو بھی نہیں جانتے۔جو معاشی ، معاشرتی اور سیاسی حالات کو کیریئر سے جوڑ نہیں سکتے۔ ایسے افراد کی مشاورت کے آپ کی زندگی کے اہم ترین فیصلے پر انتہائی غلط اثرات مرتب ہوں گے۔ لہٰذا آپ کو کونسلر کا انتخاب کرتے ہوئے اس کی قابلیت کا صحیح اندازہ کرنا چاہیے۔
کیا آپ یہ تصور کرسکتے ہیں کہ لوگوں کی زندگیوں کے بارے میں گائیڈ کرنے والا اور انسانی زندگی کے حساس ترین امور پر مشورہ دینے والا فرد جعلی ہوگا۔ کیونکہ کچھ لوگ محض کاروبار کے لیے کونسلنگ شروع کرلیتے ہیں۔ وہ لچھے دار باتیں تو بہت کرتے ہیں ، ان کا اولین مقصد کسی کی پرواہ کیے بغیر پیسہ کمانا ہے۔ دراصل ان کے دل میں اللہ کو خوف نہیں ہوتا، دوسروں کی زندگی کا احساس نہیں ہوتا، اہلیت کم، کسی سے تر بیت لینا عار، لوگوں کی نفسیات سے ناواقف اور ناکافی تجربہ ہوتا ہے۔ جب آپ اس قسم کے کونسلر سے مدد لیں گے تو بعد میں آپ کا فیصلہ غلط ہوسکتا ہےاور آپ کو اپنا کیریئر چھوڑنا پڑ سکتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ کے پاس ڈیزائننگ کی مہارت ہے مگر آپ کو کسی دوسرے شعبے کی طرف گائیڈ کردیا جاتاہے تو لازمًا آپ زندگی کے کسی موڑ پر تنگ پڑیں گے اور آپ کو اس کیریئر کو چھوڑنا پڑے گا۔ لہٰذا ایک ہنرمند کیریئر کونسلر کی مدد حاصل کریں۔
کیریئر کونسلر ہمیشہ آپ کی طاقتوں، مہارتوں ، جذبوں اور خواہشات کو ایک جگہ جمع کرے گا۔ آپ کی کمزوریاں اس کی نظر میں رہیں گی مگر فیصلے کی بنیاد انہیں نہیں بنائے گا۔ اگر فیصلہ نہیں ہو پاے گا تو پھر غلط فیصلے میں پڑنے کی بجائے آپ کو معلومات دے گا، امکانات کی فہرست بنائے گا اور کسی دوسرے ماہر کی جانب بھیج دے گا۔
آپ کو دراصل کونسلر سے مل کر زندگی کے سفر کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ مستقبل کے پیشے کا انتخاب کرنا ہے۔ آپ کو زندگی کا بہترین مقصد تلاش کرنا ہے۔ آپ کو ملازمت ،آزادی کی چاہیے اور کاروبار برابری کا۔ سماج میں نام اور سیاست میں مقام چاہیے۔ کونسلر اگر ان سب حالات اور تقاضوں کو سمجھ ہی نہ سکے تو پھر راستہ کیا ملے گا، امکانات کیا نظر آئیں گے، تو اس طرح کی کیریئر کونسلنگ نہ آپ کو امکانات بتائے گی اور نہ ہی راستہ دیگھائے گی بلکہ حسبِ استطاعت بگاڑے گی۔