کیریئر اور کامیابی
Writer: یوسف الماس
کیریئر اور کامیابی
کامیابی ایک خوبصورت لفظ ہے ۔ ہر کسی کو متاثر کرتا ہے ۔ چھوٹی یا بڑی ، کامیابی کی امید ہی انسان کے چہرے کا ہر زاویہ بدل دیتی ہے ۔ آنکھیں چمک اٹھتی ہیں ۔ اور اگر کامیابی کا تعلق انسان کے مستقبل سے ہو تو پھر اس کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں رہتی ۔
کرنے کا کام ۔۔ زندگی کا درست راستہ تلاش کرنا اور بروقت انتخاب کرنا ہے
اس تلاش اور انتخاب میں زمینی حقائق کا خیال رکھناضروری ہے
دل اور دماغ کی زمین
پسند اور نا پسند کی زمین
کچھ کر سکنے اور کچھ نہ کر سکنے کی زمین
اپنی اقدار اور روایات کی زمین
عزیزو !
آپ کے دائیں بائیں ہر چیز چمک رہی ہے
یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی
بس اس بات کا خیال رکھنا کہ
اس چمک دھمک میں زمینی حقائق آنکھ سے اوجھل نہ ہو جائیں
اور تین باتیں آپ کی زاد راہ ہوں گی
میرا یقین۔۔ میرا سرمایہ
کامیابی کا سفر شروع ہی اس یقین سے ہوتا ہے کہ ’میں یہ کر سکتا ہوں‘ ۔
انسان ایک ابلتے ہوئے لاوے کی مانند ہے جس کی تمام تر طاقت اسکے اندر سے ہی نکلتی ہے۔ یقین کامل ہی اس سفر کا نقطہ آغاز ہے اور یہی یقین کامل جب انتھک محنت کے ساتھ مل جائے تو پھر انسان منزل کی طرف سفر نہیں کرتا بلکہ منزل انسان کو ڈھونڈھنے نکل پڑتی ہے۔
میرا جنون ۔۔ میرا عشق
کیا آپ کبھی نصف شب نیند سے بیدار ہوئے اور یہ فکر ستانے لگ گئی کہ فلاں اور فلاں کام ابھی باقی ہے ۔
نصب العین کے حصول کے لیے بے چینی آپ کا دامن نہ چھوڑتی ہو ، بھوک اور پیاس ، موسمی شدت ، معاشی اور معاشرتی ناہمواریاں یکسر آپ کے راستے کا روڑا نہ بنتی ہوں تو پھر امید رکھیے کہ جنون کے سمندر کی تہہ کامیابی کے موتیوں سے بھری پڑی ہے ۔
بس گہرا غوطہ لگانے کی ضرورت ہے۔
ثابت قدمی ۔۔ میری طاقت
نصب العین کے حصول اور کامیابی کی منزل کے لیے ثابت قدمی کا کوئی نعم البدل نہیں۔نہ قابلیت ہے نہ ذہانت۔ اس لیے کہ دنیا میں ناکام قابلوں سے زیادہ عام کوئی چیز نہیں اور ہر ذہین شخص جب تک کامیاب نہیں ہوتا لوگ اسے پاگل کہتے ہیں اور ہر وہ پاگل جو کامیاب ہو جائے لوگ اسے ذہین کہتے ہیں۔
یاد رکھیں مشکلات کا مقابلہ کرنے کا نام زندگی اور ان پر غالب آنے کا نام کامیابی ہے ۔
اس کے بعد تسلی رکھیں فتح آپ کی ہو گی۔ ان شاءاللہ