کیریئر کونسلنگ اور کامیابی کی معراج
: Yousuf Almas
کیریئر کونسلنگ اور کامیابی کی معراج
یوسف الماس ، کیریئر کونسلر
کیریئر کونسلنگ، جسے کیریئر پلاننگ اور کیریئر گائیڈنس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ وہ مشاورت ہے جو کیریئر منتخب کرنے، تبدیل کرنے یا چھوڑنے میں مدد کرتی ہے۔ کونسلنگ کی ضرورت زندگی کے کسی بھی مرحلے پر پیش آسکتی ہے۔خصوصا جب فیصلہ مشکل نظر آئے، آپ دوراہے پر ہوں، زندگی کا راستہ سمجھ نہ آئے یا آپ کسی شک میں مبتلا ہوجائیں اور پھر معاملہ چھوٹا ہو یا بڑا، اس سے قطع نظر، آپ کو فورًا کیریئر کونسلر کے پاس چلے جاناچاہیے۔
لڑکپن کے دن ، مستقبل کے حسین خواب اور شعبہ تعلیم کا انتخاب، جوانی کے ایام اور اس کی رعنائی ، فطری جوش و جذبہ اور عملی زندگی کا آغاز، جسمانی اور ذہنی پختگی ، کیریئر کا استحکام پھر ڈھلتی جوانی اور کیریئر کی انتہا، آخر کار فراغت کا وقت کیسے گزرے گا؟ ان تمام مراحل پر کونسلر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے پاس جائیے اور زندگی کے سفر کو معیاری بنائیے۔ ذہنی دباؤ اور تناؤ سے نکلیے۔ اپنے لیے امکانات کو وسعت دیجیے، معلوماتی اور اچھے فیصلے کیجیے۔
ہماری زندگی کا ایک تہائی کام میں گزرتا ہے مگر یہ تلخ حقیقت ہے کہ اکثریت اپنے کام ، کاروبار یا ملازمت سے خوش نہیں۔ اس کا حاصل ذہنی دباؤ اور تناؤ کی صورت سامنے آتا ہے۔ اضطراب اور افسردگی شخصیت کو توڑ دیتے ہیں۔ اس لیے موزوں ترین کیریئر تلاش کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اسی موزوں ترین کیریئر کو تلاش کرنے کے لیے ہمیں کیریئر کونسلر کی خدمات کی ضرورت ہے جو ہمیں مختلف کیریئرز کی معلومات دے، کیریئر میں ترقی کے راستے دکھائے، اہلیت اور قابلیت کا درست تجزیہ کرے اور اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے تعلیمی سفر میں بھی رہنمائی دے سکے۔ کیریئر کی تبدیلی کا انتہائی حساس معاملہ بھی ٹھہراؤ اور دور اندیشی کے ساتھ حل کرے۔
کیریئر کا انتخاب ایک اہم اور مشکل کام ہے۔ یہ فیصلہ کسی بھی لحاظ سے آسان نہیں کہ آپ اسکول ، کالج یا یونیورسٹی میں ہوں اور عملی زندگی کی ہر اونچ نیچ کا ٹھیک ٹھیک اندازہ کرسکیں۔ کونسلر آپ کی مہارتوں، ضرورتوں اور خواہشات کے مطابق کیریئر کا انتخاب کرتا ہے۔ اب کیریئرز کی تعداد بہت زیادہ ہوگی۔ ان میں سے ہر ایک کے لیے درکار مہارت الگ بتائی جائے گی ۔ تعلیمی معلومات اور دیگر ذرائع سے ملنے والی انفارمیشن ناقص اور نامکمل ہونے کے علاوہ تضادات کا مجموعہ بھی ہیں۔ ان حالات میں صرف کیریئر کونسلر ہی ہے جو آپ کو مدد دے سکتا ہے کیوں کہ وہ مہارتوں کو پہچانتا ہے، ضرورتوں کو جانتا ہے اور خواہشات کا احترام کرتا ہے۔
کیریئر کونسلر اپنے سیشن میں ضرورتوں کی فہرست بنائے گا، خواہشات کو راستہ بتائے گا اور مہارتوں کا خاکہ مرتب کرے گا۔ وہ آپ کے روزانہ کے معمولات کو سمجھے گا۔ آپ کی حقیقی ترجیحات کو متعین کرے گا۔ آپ کے ذہنی اور عملی کاموں کا موازنہ کرے گا۔ تعلیمی کارکردگی کاجائزہ لے گا۔ پسندیدہ اور مشکل مضامین کی وجوہات کو دریافت کرے گا۔ آپ کی طاقتوں اور خوبیوں کو سامنے لائے گا۔ آخر میں آپ کے لیے بہترین کیریئر کا انتخاب کرےگا جس پر آپ کا ذہن یکسو اور دل مطمئن ہوگا۔ ایسے کیریئر کے لیے تو انسان پوری زندگی لگا سکتا ہے۔ پھر کون ہے جو اسے کامیابی کی معراج پر جانے سے روک سکے!!!