تنہائی پسند لوگوں کے لیے بہترین کیریئرز
اللہ تعالیٰ کی اس دنیا میں طرح طرح کے لوگ ہیں۔ مزاج، شوق ، پسند، کام ، لباس ، انداز وغیرہ ہر چیز میں فرق ہے۔ یہی اس دنیا کا حسن ہے۔ اگر ہر کوئی ایک جیسا ہوتا، کام ،طریقے اور رویے بھی ایک جیسے ہوتے تو بہت گہری یکسانیت ہوتی۔ہر کوئی تنگ پڑتا۔ زندگی کا نام بوریت ہوجاتا۔
اس دنیا میں کچھ لوگ وہ ہوتےہیں جو دوسروں سے ذرا سا فاصلہ رکھتے ہیں ۔ کسی کی آواز کان میں پڑے تو توجہ ہٹ جاتی ہے یا بٹ جاتی ہے۔ کتاب، نوٹ بک، سکرین پر کسی کی نظر پڑے تو کام رک جاتا ہے، ملنے والے آجائیں تو خاموشی پر گزارا ہوتا ہے۔ بعض وہ بھی ہیں جو باتیں توبہت کرلیں گے مگر کام کے وقت اکیلے ہی بیٹھنا پسند فرمائیں گے۔ ٹیم میں ہوتے ہوئے ٹیم سےالگ اور انڈیپنڈنٹ کام مانگیں گے۔ بعض اوقات بہت تنگ آکر صاف کہہ دیتے ہیں " یہ کیا مصیبت ہے"۔
ان لوگوں کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کی جاتی ہیں۔سوسائٹی میں متضاد باتیں پائی جاتی ہیں۔ والدین اور اساتذہ دونوں پریشان ہوتے ہیں۔ ان کے گھر والے پریشان ہو کر میرے پاس آتے ہیں کہ ہم اس بچے کا کیا کریں ، یہ زندگی میں کیا کرے گا؟ میں انہیں دو باتیں بتاتا ہوں۔
اول، یہ بچے اتنے ہی کام کے ہیں جتنا کہ کوئی دوسرا بچہ، ان میں اللہ تعالیٰ نے بڑی خصوصیات رکھی ہیں ۔ یہ بڑے مضبوط اور بڑے بڑے کام کرنے والے ہیں۔آپ انہیں اعتماد دیں ، پیار اور محبت سے بات کریں۔ آپ انہیں کسی سے کم نہیں پائیں گے۔ان میں چند بڑی نمایاں خصوصیات ہوتی ہیں۔
گہری توجہ
مضبوط مشاہدہ
توجہ سے سننا
غیر روایتی سوچ
کام سے لگاؤ
دوم، اللہ تعالیٰ نے جس انسان کو اس دنیا میں بھیجا ہے اس کے لیے کوئی نہ کوئی بہترین کام بھی رکھا ہے۔ ہم اگر اسی کے طریق کار کے مطابق کام تلاش کریں اور اختیار کریں تو ہر کسی کی دنیا خوشگوار بن جائے۔ ان تنہائی پسندوں کے لیے بھی بے شمار کام موجود ہیں۔ اور ان میں بھی ورائٹی ہے یعنی وسعتِ انتخاب ہے۔ کام کا اسکوپ بھی ہے۔ سرمایہ بھی ہے۔ نام اور مرتبہ ہونے کے ساتھ ساتھ سہولتیں بھی ہیں۔
آپ بھی اگر تنہائی پسند ہیں یا خودمختار حیثیت میں کام کرنا پسند کرتے ہیں تو آپ کے لیے بھی بہت کیریئرز ہیں۔ زندگی کے ہر شعبے میں ایسے کیریئرز موجود ہیں جنہیں آپ بآسانی اختیار کرسکتے ہیں، جہاں آپ تنہائی اور خودمختاری میں کام کرتے رہیں۔ ذیل میں کئی ایک شعبوں میں موجود کیریئرز کی فہرست دی جارہی ہے۔ اسے توجہ سے پڑھیں اور ہر کیریئر کو سمجھنے کے لیے eduvision.edu.pk کے کیریئر سیکشن میں پڑھیں۔ یا پھر یوٹیوب پر PakistanCareerTV پر دیکھیں۔ حتمی انتخاب کے لیے کیریئر کونسلر سے ملیں۔
-میڈیا ، آرٹ اور ڈیزائن
1۔میڈیا، آرٹ اور ڈیزائن اتنی بڑی جاب مارکیٹ ہے کہ آپ حیران رہ جائیں گے اور کام آپ کی مرضی کا۔
Fine Art, Actor, Computer design, Video Game Developer, Computer Animation,
Files Edition, Video Editor, Interior Design, Content Writer,
Animation, Architecture, D. J. Sound System, Photographer.
۔انفارمیشن ٹیکنالوجی
تنہائی پسندوں کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کسی مقناطیس کی طرح ہے۔ یہ وہ شعبہ ہے جسے سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ حقیقت میں یہ شعبہ ہے ایسا جس میں کئی طرح کے لوگوں کی کھپت ہے۔ تنہائی پسندوں کی کئی قسمیں ہیں۔ بعض عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ بعض تخلیقی ہوتے ہیں۔ بعض روایتی کام ہی کرنا پسند کرتے ہیں۔ ان سب کے لیے گنجائش ہے۔
Software Development, Electronics Engineering, Computer Programming
Web Designing, Web Development, Applications (APPS)
Computer Programming, Database Admin, Network System Admin
۔سائنس
اگر آپ حقیقت میں انسانوں سے دور رہ کر کام کرنا چاہتے ہیں تو پھر سائنس ، ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ کا شعبہ بہت اہم ہے۔ اس میں تو آپ کو تنہائی میں بیٹھنا ہے اور کسی ایک موضوع پر یا پرابلم پر تحقیق کرنی ہے۔ اس کے نتائج اخذ کرنے ہیں۔ اس میں مطالعہ کی کثرت بھی ہے، لیبارٹری میں کام بھی ہے، تجربات اور مشاہدات تمام چیزوں کی بنیادی ہیں۔ اگر آپ کی نظر گہری اور وسیع ہے تو پھر اس شعبے میں آپ کے لیے بہت اچھے کیریئرز مل سکتے ہیں۔
Research, Environment, Physicist, Astronomy, Chemistry
Biomedical Engineering, Atmospheric Scientist, Laboratory Based Subjects of Biology.
۔قانون
سوسائٹی میں قانون کے شعبے کی پہچان بہت خراب ہوگئی ہے۔ اپنی مختلف وجوہات کی بناپر جو لوگ اس شعبے میں آئے ہیں انہوں نے قانون دانی کے بہت ہی اہم اور سنجیدہ شعبے کو کسی اور رنگ میں پیش کیا۔ جو کسی طور پر اچھا نہیں ہوا۔ اگر آپ شروع میں بیان کی گئی تنہائی پسندوں کی خصوصیات پر دوبارہ نظر ڈالیں تو آپ بخوبی سمجھ جائیں گے کہ آپ کے لیے اس شعبے میں کتنی جگہ موجود ہے۔
۔بزنس
اس دنیا میں سب سے زیادہ امکانات والا شعبہ کاروباری دنیا ہے۔ بزنس میں تو ہر طرح کے افراد کے لیے گنجائش موجود ہے۔ طلبہ و طالبات کو تمام کیریئرز کے بارے میں درست معلومات نہیں ہوتیں۔ اکثر اوقات دور سے محض سنی سنائی باتیں ہی ہوتی ہیں۔ اس شعبے میں بھی خودمختار حیثیت میں کام کرنے والوں کے لیے کئی ایک بہت اہم شعبے موجود ہیں۔
Accounting,
۔میڈیکل اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز
یوں تو یہ شعبہ ایسا ہے جس میں آپ ہر وقت پبلک ڈیلنگ کرتےہیں۔ اس پیشے کا بنیادی کام ہی یہ ہے کہ آپ لوگوں کی مدد کریں مگر اس میں بھی کچھ کام ایسے ہیں جو آپ تنہا بیٹھ کر کرتے ہیں۔ آپ کو انڈیپنڈنٹ حیثیت میں کئی کئی گھنٹے کام کرناہوتا ہے۔ تعداد کم ہے مگر مل جائیں گے۔ ذیل کی فہرست کو توجہ سے دیکھیں۔
Medical Laboratory Technology, Medical Transcription
Medical Coding, All Type of Technicians
۔ہنر مند نوجوان
آپ نے دیکھا ہوگا کہ گھر یا آفس میں کسی کام کے لیے مکینک یا ٹیکنیشن کو بلائیں تو وہ زیادہ باتیں نہیں کرے گا۔ کام یا مسئلہ پوچھ کر متعلقہ مقام پر پہنچے گا اور پوری توجہ ، گہرے مشاہدے کے ساتھ بہترین حل تلاش کرے گا۔ اس شعبے میں کام کرنے والے اپنے کام سے کام رکھتےہیں۔ گھر جاتے ہیں، جگہ جگہ ملازمت کرتے ہیں اور طرح طرح کے کام کرتے ہیں۔ معاشرے میں پسند اسی کو کیا جاتاہے جو پوری ایمانداری سے اپنے کام سے کام رکھتا ہے۔ ہنرمند جوان کے لیے کیریئرز بہت ہیں۔ بس سلیکشن ٹھیک ہونی چاہیے۔
دنیا کے مالک نے تو ہر طرح کے لوگوں کے لیے ہر طرح کے کام بنائے ہیں۔ بس بات اس وقت بنتی ہے جب ہر فرد کو اپنے مطلب کا کام ملے جو اسے مزا بھی دےاور دولت بھی۔ جیسے کسی سفر کے لیے لگژری گاڑی مل جائے جو سفر کو آرام دہ بھی بنائے اور پُرلطف بھی۔