Career Counseling: A Necessity and A Compulsion
: Yousuf Almas
کیریئر کونسلنگ: ضرورت بھی، مجبوری بھی
تحریر: یوسف الماس
کیریئر کونسلنگ یوں تو زندگی کے ہر مرحلے میں مددگار ہے، خاص طور پر ان نوجوانوں کے لیے انتہائی مفید ہے جو ابھی کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں۔ کیریئر کونسلنگ افراد کو کیریئر کے اختیارات ( آپشنز) کی شناخت اور دریافت میں، اپنے مستقبل کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے حکمت عملی تیار کرنے میں مدد کرتی ہے۔
کیریئر کونسلنگ آپ کے لیے حیران کن حد تک مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ کہیں آپشنز سمجھ نہیں آتے تو فیصلہ کیسے ہوگا، کہیں خاندانی دباؤ تنگ کرتا ہے، کہیں کلاس فیلوز کا کسی خاص شعبے میں جانا کشش کا باعث بنتا ہے، کہیں کان پڑی آوازوں سے خود ساختہ اسکوپ کا تصور جان نہیں چھوڑتا اور کبھی کبھی انا رکاوٹ بن جاتی ہے۔ اس کے برعکس ایک دوسرا پہلو بھی ہے۔ آپ نے جیسے کیسے ایک شعبے میں ڈگری کر لی ہے۔ اب بھی آپ کئی وجوہات سے پریشان ہوسکتے ہیں۔ گریجوایشن کرنے کے بعد آپ کو خالی پن کا احساس ہوتا ہے۔ سمجھ نہیں آتی کہ کیا کیا جائے؟ کام کی تلاش پریشان کرتی ہے۔ کون سے ادارے میرے کام کے ہیں۔ کن کو ہدف بنانا چاہیے؟ ملازمت کی تلاش کہاں سے شروع کی جائے؟ غیریقینی کی یہ کیفیت ہر دن پریشان کیے رکھتی ہے۔ مزید تعلیم جاری رکھنی چاہیے یا عملی زندگی کا آغاز کردینا چاہیے۔ ایسے میں صرف کیریئر کونسلنگ ہی ہاتھ پکڑتی ہے اور باخبر اور درست فیصلہ کرواتی ہے۔ کیریئر کونسلنگ ہی آپ کو فوری طور پر اطمینان بخش اور خوشحال پیشہ وارانہ زندگی کے لیے تیار کرسکتی ہے۔
آپ کی دلچسپیاں ، مہارتیں اور اقدار
درست کیریئر کے انتخاب اور اس میں کامیابی آپ کی دلچسپیوں ، مہارتوں اور اقدار سے وابسطہ ہے۔ یہ اس لیے ہے کہ آپ کی دلچسپیاں آپ کی شخصیت کے متعلق معلومات دیتی ہیں۔ مہارتیں یا صلاحیتیں کام کرنے کی قابلیت بتاتی ہیں۔ اسی طرح آپ کی اقدار آپ کے کام کی جگہ یعنی کمپنی ، تنظیم، سرکار یا غیرسرکار میں کام کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔
شخصیت ، صلاحیت ، مہارت اور اقدار کی پہچان کے لیے کیرئیر پلاننگ ٹیسٹ اور سرگرمیاں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ ان کی روشنی میں جب تعلیمی شعبے کا انتخاب اورعملی زندگی کے دیگر مراحل منطقی Logical انداز میں طے کیے جاتے ہیں کامیابی یقینی ہو جاتی ہے۔ انسان کے خالق کی تعلیمات بھی اسی جانب رہنمائی کرتی ہیں۔ قل کل یعمل علی شاکلتہ ۔ اس کے علاوہ کیرئیر کے انتخاب اور اس میں کامیابی کے لیے کیے جانے والے دیگر کام خواہ وہ کسی ماہرِ شعبہ سے معلوماتی انٹرویو ہو، مختلف کیریئر ز پر تحقیق ہو اور یا پھر ملازمت کے مواقع تلاش کرنا ہو، کونسلر ان تمام کاموں میں رہنمائی اور مدد فراہم کرتا ہے تاکہ فرد درست راستے پر بھی رہے اور ترقی بھی کرتا رہے۔
مستقبل کے بارے میں باخبر فیصلے
فیصلہ ذات کا ہو یا ادارےکا ، پائیدار اور اثرات مرتب کرنے والا وہی ہو گا جو معلومات پر مبنی ہو۔ کیریئر کونسلر آپ کو مختلف آپشنز دیتا ہے اور ہر آپشن کے فائدے اور نقصانات بھی بتاتا ہے ۔ اسی طرح ہر آپشن کو آگے بڑھانے کے لیے درکار اقدامات کے سہولت فراہم کرکے، مستقبل کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اس سے ایک طرف آپ کو اپنی طاقتوں اور خوبیوں کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے اور دوسری طرف کیریئر کے مختلف راستوں میں سے اپنے لیے مناسب ترین کا انتخاب ہوجاتا ہے ۔ یوں یہ باخبر فیصلہ زندگی بھر خوشی اور مسرت کا باعث بنتا ہے۔
تعلیم اور کیریئر کا باہمی تعلق
طلبہ و طالبات تعلیم اور کیریئر کے باہمی تعلق سے ناواقف ہوتے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہیں عملی زندگی اور پیشہ وارانہ زندگی کے بارے میں بہتر تصور نہیں مل پاتا ، یوں ان کی زندگی میں کئی طرح کے خلا رہ جاتے ہیں۔ اس کا آخری نتیجہ قدم قدم پر عدم یکسوئی کی صورت میں نکلتا ہے۔ تعلیم اور کیرئیر کا باہمی تعلق جاننے کے نتیجے میں پیشہ وارانہ زندگی کے اختیارات ( آپشنز) کا فہم ملتا ہے اور عملی زندگی میں بہتر راستہ اختیار کرنے میں مدد ملتی ہے۔ آپ کی خوبیاں بنیاد بنتی ہیں اور آپ کو یہ شعور بھی مل جاتا ہے کہ کیریئر کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تعلیم کیا کردار ادا کرتی ہے؟۔
مقاصد کا حصول اور حکمت عملی کی تیاری
کسی بھی کیریئر میں بڑی اور قابل ذکر کامیابی کے حصول میں اچھی حکمت عملی کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ اس لیے کیریئر کونسلر کا قدم بقدم ساتھ ، کامیابی کی ضمانت بنتا ہے۔ بہترین کیریئر کی تلاش اور شناخت سے لے کر سی وی بنانے ، کور لیٹر لکھنے، انٹرویو کی تیاری، ملازمت کے حصول اور استحکام تک مشاورت اور رہنمائی آپ کی خوبیوں کو پورے طور پر عمل میں لانے میں مدد کرتی ہے۔ آخر کار بہترین کیریئر بھی ملتا ہے اور اطمینان بخش کامیابی بھی۔
ملازمت کے بازار کی نفسیات
ملازمت کے بازار یا جاب مارکیٹ کی نفسیات سمجھنا بھی ضروری ہے۔ اس لیے کہ اگر آپ اس سے ناواقف ہیں تو اچھی حکمت عملی بنائی نہیں جاسکتی ۔ سامنے اگر دس آپشنز ہیں تو کون سا بہتر ہے؟ ہر ایک کے مثبت اور منفی نکات کیا ہیں؟ جسے بہتر قرار دیا جاتا ہے، اس کا حصول کیسے یقینی بنایا جاسکتا ہے؟ کون کون سی خوبیاں فرد اور جاب میں یکساں ہیں تاکہ انہیں قابل قدر انداز میں پیش کیا جاسکے؟۔
کیریئر کی تبدیلی میں کونسلر کا ساتھ
غیرسرکاری شعبے میں کیریئر کی تبدیلی ایک عام سی بات ہے۔ حقیقت میں یہ عام بات نہیں ہے۔ ان میں کئی اہم باتیں پوشیدہ ہیں۔ تبدیلی کی وجہ کیا ہے۔ یہاں رہتے ہوئے کون کون سی مہارتیں سیکھنی ہیں۔ نیٹ ورکنگ کا دائرہ کتنا ہے اور کن شعبوں میں ہے۔ آئندہ کے اہداف کیا ہیں، گھریلو حالات اور تقاضے کیا ہیں؟ ان تمام باتوں کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرنا اور اس کے مطابق جاب کے لیے اداروں کا انتخاب، سی وی کی تیاری، انٹرویو کو ترتیب دینا اور متوقع مقابلے میں آنے والوں سے بہتر انداز سے پیش کرنا، کیریئر کونسلر کی مدد سے آسان ہوجاتا ہے۔
اطمینان بخش اور کامیاب کیریئر
کیریئر کونسلر اچھے کیریئر تلاش کرنے، اداروں اور کمپنیوں کے نقطہ نظر اور ضروریات کے بارے میں جاننے، مطلوبہ تعلیم اور صلاحیت کو سامنے لانے میں مدد کرتا ہے۔ وہ فرد کی سمت کا تعین کرکے اپنے آپ کے بارے میں شکوک و شبہات دور کرتا ہے ، اعتماد کی کمی کو درست طریقے سے ٹھیک کرتا ہے۔ حوصلہ شکنی کے ماحول میں حوصلہ افزائی کرتا ہے اور سب سے اہم، چیلنجز کو ترقی کے مواقع میں بدل دینے کا بھی کام کرتا ہے۔ یوں اطمینان بخش اور کامیاب کیریئر کا راستہ ہموار ہوجاتا ہے۔
مذکورہ سات نکات دیکھنے کے بعد بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ کیریئر کونسلنگ انسانی زندگی کا ایک لازمی جزو ہے۔ اللہ تعالی کے برگزیدہ بندوں نے بھی اس کام کو کیا ۔ لہذا دونوں اطراف دیکھنے کے بعد ہم کہہ سکتے ہیں کہ کیرئیر کونسلنگ ہماری ضرورت بھی ہے اور مجبوری بھی۔
#yousufalmas
03335766716
#careercounselor
#eduvision