میری نئی نئی جاب ہے، مجھے گائیڈ کریں کہ میں کس طرح اپنے آپ کو سیٹ/ ایڈجسٹ کروں؟
یوسف الماس
آپ جہاں کہیں بھی کام کرتے ہیں، ادارہ یا کمپنی چھوٹی ہے یا بڑی، مارکیٹ میں اس کا نام جانا پہچانا ہے یا غیر معروف۔ جب آپ نے اسے اور اس کے کام کو پسند کرکے جوائن کرلیا ہے، اب آپ اس کا حصہ ہیں۔ اب آپ کو اس طریقے سے چلنا ہے کہ آپ کی جاب ہی آپ کی سوچ اور فکر پر غالب رہنی چاہیے۔ نئی سے نئی تجاویز اور اقدامات سوچنا اور کرنا اور آپ کا اہم ترین کام ہونا ضروری ہے۔
اداروں میں جو لوگ آگے بڑھتے ہیں اور جو لوگ اداروں کو کھڑا کرتے ہیں، دراصل وہ ایک ہی ہوتے ہیں۔ ادارے ان کی قدر کرتےہیں اور وہ اداروں کو اپنا ادارہ سمجھتے ہیں۔ یہ احساس ایک دن میں پیدا نہیں ہوجاتا اور نہ ہی کام کرنے والوں کی سوچ اور فکر کی سطح دو دن میں اس مقام پر پہنچتی ہے ۔ یہ لوگ جہاں اپنی سوچ، فکر ، اخلاق اور رویے میں اپنے آپ کو آگے لے جاتے ہیں وہیں وہ ان کے نظر آنے والے کام بھی بہت اعلیٰ اور مختلف ہوتے ہیں۔ چھوٹے بڑے اداروں اور کمپنیوں کی کیس اسٹڈیز بتاتی ہیں کہ اگر آپ آج فیصلہ کرلیں تو آپ بھی اس فہرست میں شامل ہوجائیں گے۔
جاب کنفرم اور مستقل کروانے کے لیے کم از کم ان پانچ باتوں کو ضرور پیش نظر رکھیں۔
1۔ ادارے یا کمپنی کے بنیادی ہدف Target کو صحیح سے معلوم کر لیں۔ اپنے باس اور ساتھیوں سے ڈسکشن کرکے اس کی تمام تفصیلات سمجھ لیں۔
2۔ اپنی ذمہ داریوں ، اہداف اور چیلنجز کو صاف صاف سمجھ لیں، نہیں لکھے ہوئے تو لکھ لیں۔
3۔ نظر آنے والے اور چیک ہوسکنے والے کاموں پر توجہ دیں یعنی آپ کے کام خود بخود نظر آنے چاہیں ۔
4۔ کمپنی کے لیے مالی فوائد والے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں اور اس خیال میں نہ جائیں کہ میں ادارے کو اتنا فائدہ دے رہا ہوں۔
5۔ کسی بھی نوعیت کا فیڈ بیک خواہ وہ کسی بڑے کی طرف سے ہو یا کسی ساتھی کی طرف سے اسے سنجیدگی سے سنیں، توجہ دیں اور غیر ضروری بحث میں نہ پڑیں۔