تلاش روزگار معاشرے کے ہر دوسرے فرد کا مسئلہ ہے۔ تعلیمی اداروں میں موجود لاکھوں طلبہ و طالبات کا بھی سب سے اہم ایشو یہی ہوتا ہے۔ اس مشکل میں وہ بھی پریشان ہے جسے اللہ تعالیٰ نے بہت کچھ دیا ہے اور وہ بھی جو محض گزارہ کر رہا ہے ۔ اس لیے کہ فارغ رہنا اور ہمیشہ مانگ کر کھانا انسان کی فطرت ہی میں نہیں ہے۔ لہٰذا میں ان تمام نوجوانوں کو حق بجانب سمجھتا ہوں جو روزگار کی بات کرتے ہیں یا اس کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔
پاکستان میں روزگار Job Market in Pakistan
ملکی حالات تو کبھی بھی مضبوط نہیں رہے مگر اس عرصے میں تو قدرے زیادہ خراب نظر آتے ہیں۔ قوموں کی زندگی میں اتار چڑھاؤ تو آتے رہتے ہیں۔ بے شک آج ادارے، کمپنیاں مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ پرکشش معاوضوں اور تنخواہوں کے امکانات نہیں ہیں، چار کی جگہ تین یا دو افراد سے ضرورت پوری کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ سارا ملک بند ہے اورہر کام ٹھپ ہے۔ الحمد للہ نظام زندگی چل رہا ہے، چلتا رہے گا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ آنے والے سالوں میں رئیل اسٹیٹ، تعمیرات، سروسز، چھوٹی صنعت اور ایڈمنسٹریشن وغیرہ میں بہت بہتری آئے گی۔
روزگار کی تلاش Job Searching
اہم سوال یہ ہے کہ روزگار تلاش کیسے کریں؟ اس ماحول میں روزگار تلاش کرنا اتنا آسان نہیں ہے۔ مقابلہ سخت ہے، ایک ایک ویکنسی سیٹ کے لیے امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے۔ دوسری طرف آج کا نوجوان دوران تعلیم اپنے آپ کو عملی زندگی کے لیے تیار نہیں کرتا۔ والدین وولنٹر کام کے لیے نہ ترغیب دیتے ہیں اور نہ ہی شاباش۔ اسی طرح اساتذہ کلاس اسائنمنٹ عملی زندگی سے کم اور کتاب سے زیادہ دیتے ہیں۔ جس کا نتیجہ فکر سے خالی کمزور کتابی باتیں اور برگر زندگی ہے۔
تلاش روزگار کے مسائلIssues in Job Searching
اچھا یا بہترین روزگار تلاش کرنا تو الگ بات ہے۔ ایک معمولی روزگار تلاش کرنا بھی آج کل ایک پراجیکٹ ہوتا ہے۔ اگر کوئی فرد اپنی ذات کی بیلنس شیٹ نہیں بناتا ، سی وی کی سائنس نہیں جانتا، جاب مارکیٹ کی نفسیات سے واقف نہیں، آج کے دور کی ضروریات کو اہمیت نہیں دیتا، سوشل میڈیا کے اثرات سے آگاہ نہیں، اپنی گفتگو، فون اور ای میل پر کنٹرول کرنا نہیں جانتا اور اپنی ظاہری حالت اور بدن بولی کی کوئی فکر نہیں تو اس کے لیے ناممکن نہیں تو حصول روزگار میں شدید مشکلات ضرور پیش آئیں گی۔
تلاش روزگار اور موٹیویشنل اسپیکرزJob Searching and Motivational Speakers
تلاش روزگار میں ایک رکاوٹ موٹیویشنل اسپیکرز بھی ہیں ۔ نفسیات کے شعبے سے تعلق ہونے کی بنا پر بہت اچھی طرح جانتا ہوں کہ زبان کی تیزی اور طراری انسانوں کو وقتی طور پر کتنا متاثر کرتی ہے مگر معلوم تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اس قبیل کے لوگوں کوکوئی اہم مقام ملا ہو یا انہوں نے معاشرے کی قیادت کی ہو۔ ہر دور میں ان لوگوں کو ایک خاص جگہ پر ہی رکھا گیا ہے۔ اس لیے کہ ان لوگوں کی ایک خاص نفسیات ہوتی ہے بس اسی کے گرد گھومتے ہیں۔ حقائق کی بات کریں گے مگر کبھی آدھا سچ اور کبھی اپنی ضرورت کی تروڑ مروڑ کے ساتھ۔مقصد اور اقدار سے زیادہ دولت اور شہرت کو اہمیت دیں گے۔ ہر پروگرام کے بعد واہ جی ، واہ جی اور کیا جی ، کیا جی سننے کو ملےگا۔ دوسروں کو دینے اور قربانی کی بات بہت کریں گے مگر اپنا دامن ان دونوں باتوں سے خالی ہوگا۔ بے روزگار نوجوان ، اچھا روزگار نہ رکھنے والے نوجوان، کم علم اور بے مقصدیت کا شکار افراد ان کے اصل ہدف ہوتے ہیں۔ لہذا میرے نزدیک روزگار کی تلاش میں ایک بڑی رکاوٹ موٹیویشنل اسپیکرز بھی ہیں۔ یہ حضرات غیر حقیقی خواب دکھا کر نوجوانوں کو حقیقت سے دور کرتے ہیں، توقعات بڑھا دیتے ہیں ، میرے نزدیک موٹیویشنل اسپیکنگ آج کے دور کا ایک فتنہ بھی ہے۔
نوٹ : اس موضوع کے کئی ایک پہلو ہیں جنہیں ایک مضمون میں شامل کرنا مشکل ہے ۔ آپ کی آسانی کے لیے میں نے ہر پہلو پر الگ مضمون لکھا ہے ۔
تلاش روزگار کے چار بنیادی کام4 Points in Job Hunting
اب تک اندازہ ہوچکا ہوگا کہ تلاش روزگار بذات خود ایک بڑا اور مشکل کام ہے۔ یہ اس وقت آسان ہوجاتا ہے جب آپ ان چار باتوں کا خیال رکھتے ہیں:
تلاش روزگار پراجیکٹ Make it a Project
اس کام کو ایک منظم اور مرتب طریقے سے کریں۔ ہر چھوٹے بڑے کام کی فہرست بنائیں اور تمام کاموں کو بہترین طریقہ سے بروقت سرانجام دیں۔
کب کیا کرنا ہے! What to Do and When
آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آپ سے متعلق اداروں اور شعبوں میں کب جابز آئیں گی اور کب اور کہاں درخواست دینی ہے۔ آپ کے کرنے کے دیگر کام کب مکمل ہوں گے؟
تلاش روزگار کا دائرہJob Searching Area
اس کا مطلب یہ ہے آپ اپنے لیے کسی علاقے کا دائرہ، کام کا دائرہ بنائیں تاکہ آپ کی تمام تر کوششیں کامیاب ہوسکیں۔
خواب اور حقیقت Dream and Reality
اپنے آپ کو خوابوں سے نکالیں اور حقائق میں جینا سیکھیں ۔ ہر بات اور ہر کام کو حقیقت سے قریب تر کرلیں۔
نوٹ : اس موضوع کے کئی ایک پہلو ہیں جنہیں ایک مضمون میں شامل کرنا مشکل ہے ۔ آپ کی آسانی کے لیے میں نے ہر پہلو پر الگ مضمون لکھا ہے ۔
Job Hunting is an everyday problem in the modern world faced majorly by students and graduates. This is a great inspirational essay on the topic of “Job Hunting in Pakistan" by Mr. Yousuf Almas addressing to a lot of issues of Job Hunting. It includes basic introduction of Job Hunting in Pakistan, Job Market for students, job searching, issues raised in the way of Job Hunting, misconceptions spread by Motivational Speakers and the essay ends with providing a pathway for the students who start their journey of Job Hunting in Pakistan.
( میرا مضمون ْْ تلاش روزگار اور سوشل میڈیا کا کردار ْْ بھی پڑھیں)
تحریر : یوسف الماس -- کیریئر کونسلر اور ایجوکیشنل ایڈوائزر ، سی ای او – ایجوویژن ، پاکستان
اپنی آراء ، تجاویز اور سوالات نیچے کمنٹس میں لکھیں
Email: eduadvisor.pk@hotmail.com