How To Make Your CV
: Yousuf Almas
سی وی بنانے کا طریقہ
سی وی جسے امریکہ میں ریزومے بھی کہا جاتا ہے دراصل آپ کی تعلیم ، قابلیت ، مہارت ، کامیابیوں ، تجربہ اور آپ کی دلچسپیوں کا ایک خلاصہ ہے۔ جسے پڑھنے اور سمجھنے کے لیےزیادہ سے زیادہ دو منٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔
ابتدائی طور پر ایمپلائیر آپ کا سی وی ایک نظر دیکھنے میں بہت کم وقت صرف کرتے ہیں (ممکن ہے 5 سیکنڈ) ، لہذا آپ اپنے سی وی کو خوبصورت ، دلچسپ ، اہم ترین نکات کو آسان ، واضح اور بہترین طریقے سے بیان کریں ۔ سی وی کا بنیادی چیلنج یہ ہے کہ ایمپلائیر کو وہ چیز براہ راست مل جائے جس کو وہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ آپ کو سی وی تیار کرتے ہوئے ایمپلائیر کی بنیادی ضرورتوں پر توجہ دینی چاہئے اور اسی وجہ سے ہر نوکری کے لیےاپنے سی وی کو ایڈجسٹ یا نیا تیار کریں۔
آپ اپنے سی وی کو نیچے دی گئی باتوں یا نکات کے مطابق چیک کریں ۔ اگر سب کچھ اس کے مطابق ہے تو یقین رکھیں کہ آپ مقابلے میں مار نہیں کھائیں گے۔
جامع ہو
- اپنے سی وی کو ایک یا دو مکمل صفحات پر رکھیں (صرف تعلیمی سی وی طویل ہوسکتے ہیں)
- معلومات کو اچھی طرح واضح کرنے کے لیے بلٹ پوائنٹس کا استعمال کریں۔
- بہت زیادہ سیاق و سباق ، ضرورت سے زیادہ تفصیل یا غیر ضروری مواد سے پرہیز کریں جو آپ کے انتہائی اہم نکات کو چھپا دے یا اس کے اثر کو کم کردے۔
سی وی جاب کے لیے نہیں انٹرویو کے لیے ہوتا ہے
آپ کے سی وی کا اصل مقصد صرف یہ ہے کہ آپ کو انٹرویو یا میٹنگ کا موقع مل جائے ، ذہن میں رکھیں کہ سی وی خود نوکری نہیں دیتا بلکہ نوکری کے حصول کو آسان بناتا ہے لہذا آپ اپنے سی وی میں تین ایسے اہم عناصر کو اجاگر کریں جنہیں نظر انداز نہ کیا جا سکتا ہو:
- آپ کے ذمہ کیا کچھ دیا یا آپ کیا کرتے رہے ہیں ۔ اپنی آخری نوکری میں یا اگر جاب نہیں تھی تو گھر ، اسکول ، کالج اور یونیورسٹی میں کیا کرتے رہے ہیں ۔
- آپ نے حاصل کیا کیا یعنی آپ نے سیکھا کیا؟
- آپ اس ادارے کی عظیم ٹیم کے کیسے ممبر ہوں گے۔
یہ تین نکات اتنے جاندار ہونے ضروری ہیں کہ ایمپلائیر آپ سے مل کر مزید معلومات حاصل کرنا چاہے۔
اپنے سی وی کو توجہ دیں
- ہر نوکری / پوزیشن کو سامنے رکھتے ہوئے درخواست دینے سے پہلےاپنے سی وی کو دوبارہ ایڈجسٹ کریں ۔
- سی وی آپ کے کیے ہوئے کاموں کی فہرست نہیں ہونی چاہئے بلکہ آپ کا تجربہ بولنا چاہیے اور زندگی نظر آنی چاہیے۔
- سی وی میں آپ کی زندگی کا نچوڑ نظر آنا چاہیے ۔ اس کام کے لیے کسی کونسلر کی رہنمائی بہت فائدہ دے سکتی ہے۔
ثبوت تو ضروری ہوتے ہیں
- سی وی میں لکھی گئی تمام سرگرمیوں میں اپنی شرکت اور اس کے اثرات کے واضح ثبوت ہونا ضروری ہے ۔ آپ نے سی وی میں کہانیاں تو نہیں لکھنی مگر بات اس سلیقے سے کہی جانی چاہیے کہ وہ خود ثبوت محسوس ہو۔
- اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے لکھی گئی تمام سرگرمیوں اور ذمہ داریوں پر توجہ دیں اور ان میں ربط پیدا کریں۔
- اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لئے اعداد و شمار کا استعمال کریں ۔
صاف گوئی اور وضاحت کی شان
- اچھی طرح سے تیار کردہ سی وی پڑھنے کی خود دعوت دیتا ہے اور ایک نظر میں اپنی پہچان کراتا ہے۔ اس کے لیے کم از کم 11 سائز کا واضح فونٹ استعمال کریں ، کچھ جگہیں خالی رکھیں اور مارجن تنگ نہیں کریں۔
- ایمپلائیر کے پڑھنے والی اہم باتیں مثلا عہدہ ، ادارہ اور آپ کا کردار بائیں طرف لکھیں اور تاریخیں وغیرہ دائیں طرف لکھیں ۔
- آسان زبان استعمال کریں - جارگن ، پیچیدہ اصطلاحات ، عمومی باتیں ، انتظامی زبان ، مشکل انداز اور مخففات سے پرہیز کریں۔
- قصے کہانیاں اور پیراگراف نہ لکھیں - جگہ محدود ہے صرف بلٹ پوائنٹس کا استعمال کریں ۔
- سی وی آپ کے کیے ہوئے کام کا ریکارڈ ہے ، لہذا تمام سرگرمیاں ماضی کے صیغے یعنی Past Tense میں تحریر کریں۔
اپنا سی وی جاب/عہدے کے مطابق بنائیں
- سب سے پہلے اپنے تجربوں ، کامیابیوں اور اہم تاریخوں کی فہرست بنائیں ، جن میں تمام تعلیمی مراحل الگ الگ تحریر کریں ، کام کا تجربہ ، انعامات ، ایوارڈز ، معاشرتی سوسائٹیوں ، کھیلوں اور کلبوں میں شمولیت اور آپ کی دوسری دلچسپیاں اور مہارتیں (مثال کے طور پر زبانیں سیکھنا اور خصوصی / غیر معمولی آئی ٹی مہارت)، اہم صلاحیتوں اور اوصاف کو نوٹ کریں جو ان کامیابیوں کا باعث بنے۔
- اس کے بعد نوکری کے اشتہار یا ادارے ، کمپنی کی ویب سائٹ سے نوکری کی تفصیل پڑھیں، اس کے علاوہ ادارے کا تشہیراتی مواد اور بھرتی لٹریچر وغیرہ دیکھ کر شرائط اور ضروریات کو سمجھیں ۔
- اب آپ دونوں فہرستوں کا موازنہ کریں اور پہلی فہرست میں سے جو چیزیں سب سے زیادہ مطابقت رکھتی ہوں انہیں سی وی کے لیے منتخب کر لیں ۔ یاد رکھیں جو قابلیتیں اور مہارتیں سب سے زیادہ اہم ہوں اور آپ کو ان پر پورا عبور بھی حاصل ہو وہی لکھیں ۔
- سی وی فارمیٹ کے لیے کوئی بہترین ڈیزائن کا انتخاب کریں جو خوبصورت ، باوقار اور آسانی سے سمجھ آنے والا ہو ۔ جس میں ایڈیٹنگ سے پورا ڈیزائن خراب نہ ہو ۔
سی وی کے تین اہم حصے
تین حصے ایسے ہیں جو تقریبا ہر سی وی میں پائے جاتے ہیں مگر ان کی جگہ اور ان میں دیا جانے والا مواد ٹھیک نہیں کیا جاتا جو بالاخر خرابی کا باعث بنتا ۔
- تعلیم: عام طور پر سب سے اوپر (خاص طور پر یونیورسٹی سے فارغ ہونے والے افراد کے لئے جو پہلی بار یا دوسری بار ملازمت کی درخواست دے رہے ہیں)۔ آخری ڈگری سب سے اوپر لکھیں پھر اس سے پہلے والی ۔ دوران تعلیم ملنے والے ایوارڈز یا انعامات کو آپ ہر ڈگری کے ساتھ بھی لکھ سکتے ہیں اور الگ بھی۔
- تجربہ: اس میں آپ کا ہر طرح کا تجربہ شامل ہے ۔ باقاعدہ نوکری کی ہو یا رضاکارانہ کام ، طلباء اور معاشرے کی بہتری کے لیے کوئی کام ، انٹرنشپ اور ہر وہ کام جو آپ مکمل کر چکے ہیں ۔
- اضافی چیزیں : مختلف صلاحیتوں کو نمایاں کرنے کیلئے ذاتی دلچسپیوں ، معاشرتی سرگرمیوں اور مہارتوں کو شامل کیا جانا چاہئے۔ اس حصے میں آپ آئی ٹی کی مہارت لکھ سکتے ہیں لیکن صرف اس صورت میں جب آپ غیر معمولی طور پر ماہر ہوں ۔ اس کے علاوہ زبانیں، موسیقی اور کھیل یا دوسری سرگرمیاں بھی اس کا حصہ بن سکتی ہیں وغیرہ۔
سی وی میں یہ بالکل نہ لکھیں
یاد رکھیں کہ سی وی آپ سے صرف ملاقات یا انٹرویو لینے کے لیے ہے ، لہذا یہ مت سمجھیں کہ آپ کو ہر چھوٹی بڑی تفصیل شامل کرنی ہوگی - انہیں اپنے بارے میں مزید جاننے کی خواہش چھوڑ دیں اور ہر چھوٹی چھوٹی چیز شامل نہیں کریں۔
سی وی میں یہ شامل نہیں کریں
- لفظ ْسی وی‘ نہیں لکھیں
- تاریخ پیدائش یا عمر
- ازدواجی حیثیت
- معذوری
- بچے
- ساتھی کے بارے میں
- جنس
- نسلی پس منظر
- مذہب (سوائے اس کے کہ پوچھا گیا ہو)
- قومیت ۔
- گھر کا پتہ
- ریفرنس – صرف اتنا لکھیں کہ ضرورت کے مطابق مہیا کر دیے جائیں گے۔ نام نہیں لکھیں
- بنیادی آئی ٹی کی مہارت: آج کل ہر شخص انٹرنیٹ ، ورڈ پروسیسنگ ، ایکسل شیٹ وغیرہ کو ایک مناسب سطح تک استعمال کرسکتا ہے - لیکن آپ میں ایم ایس آفس استعمال کرنے کی کوئی اعلی درجے کی قابلیت ہے تو شامل کریں۔ اس کے علاوہ کوئی بڑا یا اہم سافٹ ویئرآپ استعمال کر سکتے ہیں تو لکھیں ۔
- تعلقات
- مذہبی عقائد
- سیاسی وابستگی بالکل نہ لکھیں (اگر آپ نے کسی سیاسی تنظیم کے لئے کام کیا ہے ، وہ آپ کی کوئی خاص مہارت ہے تو اسے واضح طور پر کام کے تجربے کے تحت ذکر کریں)
- زندگی کی عام مصروفیات جیسے ، دوستوں کے ساتھ مل کر کھانا بنانا ، ہوٹلنگ کرنا ، پڑھنا ، سنیما جانا۔ اگر آپ ان میں سے کسی بھی چیز کو لکھنا چاہتے ہیں تو بتائیں اس کا جاب سے کیا تعلق ہے ، کچھ مزید تفصیلات بتائیں۔ بہتر ہے آپ ان سے بچیں ۔
بلٹ پوائنٹس کا استعمال
- طاقتور بلٹ پوائنٹس بنانے کا مقصد ، ہر بات ایک ہی نقطے پر مرکوز کرناہے۔
- سیاق و سباق: ادارے کا نام ، آپ کا جاب ٹائیٹل اور تاریخیں کافی ہوتی ہیں۔
- تمام بلٹ پوائنٹس میں ایکشن ورڈز استعمال کریں تاکہ آپ کی مہارتیں اجاگر ہوں ، آسانی سے معلوم ہو سکے کہ آپ کتنے کارآمد ہیں – جیسے۔ Analysis, Create, Recommend, Manage, Lead ۔
- نتائج اور انفرادی مہارت کا منطقی تعلق ہونا ضروری ہے۔
-------------------------------------
تحریر : یوسف الماس -- کیریئر کونسلر اور ایجوکیشنل ایڈوائزر ، سی ای او – ایجوویژن ، پاکستان
ایجوویژن بلاگ میں یہ مضامین بھی پڑھیں
سی وی کے بارے میں غلط سوچ اور بڑی غلطیاں
اپنا سی وی چیک کریں
پاکستان میں تلاش روزگار
سوشل میڈیا کے ذریعے نوکری کیسے تلاش کریں؟
وہ غلطیاں جو آپ کی نوکری کے راستے میں رکاوٹ ہیں
اپنی آراء ، تجاویز اور سوالات نیچے کمنٹس میں لکھیں
Email: eduadvisor.pk@hotmail.com