شہروں کے نام
: عاصم ندیم
بچوں کے کامیاب مستقبل کے لیے ان میں زبان و ادب کا شوق پیدا کریں ۔یہ شوق پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسکول کے ساتھ والدین بھی اس عمل میں اپنا حصہ ڈالیں۔ اس کے لیے والدین بچوں کے ساتھ مل کر کئی سرگرمیاں کر سکتے ہیں ۔ بچوں کے ساتھ یہ مضمون پڑھیں اور اس پر تبادلہ خیال کریں ۔ اس سرگرمی سے بچوں میں الفاظ کی بناوٹ، وقت کے ساتھ زبان میں آنے والی تبدیلیوں اورسوچنے ،سمجھنے کی مہارتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
کچھ شہر باقاعدہ بسائے جاتے ہیں اور پھر اِن کا نام رکھا جاتا ہے جیسا کہ اِسلام آباد ۔ ایسے اکثرشہروں کے نام اُس شہر کے بانی کے نام پر رکھ دیئے جاتے ہیں جیسا کہ سر جیمزایبٹ کے نام پر ایبٹ آباد، نواب صادق کے نام پر صادق آباد، شاہ فیصل کے نام پر فیصل آباد اوروزیر خان کے نام پر وزیر آبا د ۔ بچوں کوبتائیں کہ یہاں لفظ آباد لاحقہ ہے ۔ا ِسی طرح کا ایک اور لاحقہ پُور ہے جیسا کہ نواب بہاول کے نام پر بہاولپوُر، سر جیمز کولن کے نام پر کیمبلپوُر(اٹک کا پُرانا نام) اورسرجیمزلائل کے نام پر لائلپوُر(فیصل آباد کا پُرانا نام) شامل ہیں۔کبھی پُور کے لفظ کے بجائے پُورہ بھی ہو جاتا ہے جیسا کہ شیخوپُورہ۔ شیخو مغل بادشاہ جہانگیر کا عرف تھا۔
شہروں کے نام وال، والہ اور والی کے لاحقوں سے بھی بنتے ہیں۔ جیسے ساہی قوم کےشہر کو ساہی والاورگوجر قوم کے شہر کوگوجرانوالہ کہتے ہیں۔ میانوالی کے بارے میں مشہور ہے کہ یہاں ایک بزرگ میاں علی رہتے تھے اُن کے نام سے یہ شہر پہلے میاں علی والی کہلایا ۔ چوں کہ میاں علی والی ایک طویل نام تھا اِس لیے یہ مختصر ہو کر میانوالی ہو گیا ۔ایک لاحقہ پنڈ یا پنڈی ہے جس کےمعنی گاؤں کے ہیں۔ راول قوم کے نام پر بسنے والا شہر راول پنڈی کہلایا۔ایک اور لاحقہ گڑھ بھی ہے جس کے معنی جگہ یا علاقہ کے ہیں ۔ اِس کی مثالیں شکر گڑھ اور مظفر گڑھ کی ہیں۔ لفظ کوٹ بھی شہروں کے نام میں استعمال ہونے والا ایک لاحقہ ہے جیسا کہ راولا کوٹ ، شور کوٹ اور کندھ کوٹ۔
کبھی شہروں کے نام لاحقہ کے بجائے سابقہ کے ساتھ بھی ملتے ہیں جیسا کہ ڈیرہ غازی خان ، ڈیرہ اسماعیل خان ، منڈی بہاؤالدین اور پنڈ دادن خان ۔ اِن شہروں کے ناموں میں ڈیرہ، منڈی اور پنڈ سابقے ہیں۔ڈیرہ سے مُرادکسی چوہدری یا سردار کا بڑا سا گھر ہوتا ہے جس میں وہ لوگوں سے ملتا ہے ۔ غازی خان اور اسماعیل خان اپنے علاقے کے سردار تھے ۔ منڈی بہاؤالدین کا علاقہ ایک چوراہے پر واقع ہے جہاں ارد گرد سے اناج آتا تھا اور اِس کی تجارت ہوتی ۔ اِس وجہ سے یہ منڈی کہلایا جب کہ بہاؤالدین یہاں کا یک سردار تھا۔ اِسی طرح دادن خان بھی ایک سردار تھا کہ جس کے نام پر پنڈ دادن خان بنا۔
مختصر یہ کہ اکثر کسی فرد کے نام یا کسی قوم یا ذات کے نام کے آخر میں آباد، پُور،وال، والہ، والی، پنڈی، گڑھ اور کوٹ کے الفاظ لگا کر شہروں کے نام بنائے جاتے ہیں۔ شہروں کے ناموں کبھی ڈیرہ، منڈی اور پنڈ کے الفاظ کسی فرد کے نام کے آغاز میں بھی آسکتے ہیں۔ آپ بھی اپنے علاقے یا گاؤں کا نام جاننے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
(پہلا حصہ مکمل ہوا ، باقی آئندہ)