میرا وژن -- میری منزل
: یوسف الماس
تاریخی کتب، ناول اور اخبارات و رسائل کا مطالعہ، ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز، کانفرنسز ، سیمینارز، ورکشاپ، موٹیویشنل سپیکرز کے خطابات ہر جگہ ایک لفظ بہت عام ہے وہ ہے" وژن" ۔ ہر نامور آدمی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بہت وژنری تھا اس لیے بڑا تھا۔ ہر بڑے کارنامے کی پشت پر ایک بات سننے کو ملتی ہے۔ اس کام کا ڈیزائن بہت وژنری تھا ۔ جس کا وژن نہ ہو یا اسے سمجھ نہ سکتا ہو تو وہ نہ تو سیاستدان بن سکتا ہے نہ ہی جنرل، تحریر لکھی نہیں جاسکتی اور تقریر کی نہیں جاسکتی، ارادے بن نہیں سکتے اور بزنس ہو نہیں سکتے۔
سوال یہ ہے کہ "وژن" کسے کہتےہیں؟ وژن، کھلی آنکھوں سے دیکھا جانے والا وہ خواب ہے جس میں آپ آنے والے کل میں اپنا مقام متعین کرتےہیں۔ یہ آپ کی وہ تصویر ہے جو آپ ایک دن، ایک ہفتہ ، ایک مہینہ ، ایک سال یا کئی سال بعد دیکھنا چاہتے ہیں۔ وژن وہ سنیپ شاٹ ہے جو لمحوں میں آپ کے سامنے آتا ہے مگر آپ کے کیریئر اور عملی زندگی کی تصویر آپ کے ذہن پر نقش کرجاتا ہے۔ اسی سے آپ کو ہدف بھی ملتا ہے اور سمت بھی۔ یہ تصویر جتنی صاف، شفاف ہوگی اتنا شوق اور جذبہ زیادہ اور سفر آسان ہوگا۔
آپ سب سے پہلے اپنے ہدف Target کو اپنے ذہن میں ہی حاصل Achieve کرت ہیں اس لیے کہ ہر منزل کو سب سے پہلے ذہن میں ہی عبور کیا جاتا ہے، دوران سفر شکوک و شبہات کو یہ تصویر دور کرتی ہے اور حوصلے بلند کرتی ہے۔ قدم قدم پر حاصل ہونے والی چھوٹی چھوٹی کامیابی طاقت اور قوت، شوق اور جذبہ دیتی ہے۔ رات بستر پر جلد جائیں یا تاخیر سے مگر بہت جلد آپ کو بستر سے نکال دے گی۔
یہ تو یقینی بات ہے کہ آپ کے پاس زندگی ایک ہی ہے ۔ اگر اس زندگی میں آپ کے پاس "وژن" نہیں ہوگا تو پھر زندگی ان بے شمار مخلوقات کی طرح ہوگی جن کے ہاں سوچ اور فکر نہیں ہے۔ لہٰذا آئیے مل کر اپنی زندگی کے لیے ایک " وژن" تیار کریں۔
اپنی آنکھیں بند کریں اور سوچیں کہ آپ اپنی زندگی سے واقعتًا کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ اور آپ کے لیے کیا اہم اور کیا غیر اہم ہے؟ اس کے لیے ذیل کے نکات آپ کی مدد کرسکتے ہیں:
- آپ میں ساری دنیا سے مختلف کیا ہے؟
- کون سا کام آپ کو زیادہ پسند ہے؟
- آپ کتنے ذمہ دار فرد ہیں؟
- آپ اچھے باسBoss ہیں یا اچھے فیلو ہیں؟
- کیسا ماحول آپ کو پسندہے ؟
- کیسا کام آپ کو اچھا لگتا ہے؟
- کیا کیا سہولتیں آپ کو چاہیے؟
- کتنا سرمایہ آپ کو درکار ہے؟
یہ اور اسی نوعیت کے دیگر سوالات آپ اپنے آپ سے پوچھ سکتے ہیں۔ ان کے جوابات کی روشنی میں آپ کا " وژن" بنے گا۔ تب کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔