آپ بھی آرمی آفیسر بن سکتے ہیں
Yousuf Almas
ایک زمانہ تھا کہ اگر آپ مناسب حد تک سمارٹ ہیں، جسمانی طور پر مضبوط ہیں اور اپنے اندر کی خوبیوں اور خامیوں کو جانتے ہیں تو پھر آپ کے لیے فورسز کے راستے کھلے ہیں۔ مگر اب آرمی کی ترجیحات بدل گئی ہیں۔ اس لیے کہ اب حالات و واقعات بھی پہلے جیسے نہیں رہے۔ اب انسانی آبادیوں میں زمینی حدود کا تعین، ان کی حفاظت اور وسعت کے انداز اور طریقے بدل گئے ہیں۔ اب آرمی کو ذہین اور قابل طلبہ کی ضرورت ہے۔ باکردار خوبصورت لیڈرز کا کردار زیادہ اہم ہوگا۔
دنیا کے اسٹیج پر بڑے بڑے لوگ آئے اور اپنا اپنا کردار ادا کرکے چلے گئے۔ تاریخ کے اوراق بھرے پڑے ہیں ان کے ناموں کی فہرست سے۔ ان میں انسانی آبادیوں کو تاراج کرنےوالے بھی تھے۔ انسانی سروں کے مینار بنانے والے بھی تھے۔ انسانیت کی عزت اور ناموس کی بے حرمتی کرنے والے بھی تھے۔ ان میں دنیا کے نقشے کو بدلنے کے ساتھ ساتھ انسانی اور حیوانی معاشرے کا فرق ختم کرنے والے بھی تھے۔ انسانی آبادیاں ان کو بھی تسلیم کرتی رہی ہیں۔ اور انہیں اپنے بچوں کے لیے عبرت کے نشان کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
اسی اسٹیج پر وہ لوگ بھی رہے ہیں جن کا بنیادی کام زمینی حدود کا تعین، اس کی حفاظت اور وسعت ہی تھا مگر انہوں نے ہر کام میں اصول اور قاعدے کو پیش نظر رکھا۔ انسانیت کی حرمت اور فضیلت ان کی پہلی ترجیح تھی۔ انسانی اور مادی وسائل کو مشترکہ میراث بنایا۔ تہذیب اور تمدن کو خالصتًا انسانی معاشرے کی پہچان بنایا۔ انسانی آبادیوں نے ان کو بھی تسلیم کیا اور ان فوجی جرنیلوں اور سپہ سالاروں کے ناموں پر اپنے بچوں کے نام رکھتی رہی ہیں۔ صدیاں گزرنے کے باوجود آج بھی ان کے نام زندہ ہیں اور آج کے بچے بھی انہیں اپنا ہیرو مانتے ہیں۔
پاکستان آرمی دوسری طرح کے فوجی آفیسرز چاہتی ہے تاکہ معاشرتی ہم آہنگی بھی رہے اور پروفیشنل ضروریات بھی پوری ہوجائیں ۔ پاکستان آرمی دنیا کی بہترین آرمی مانی جاتی ہے۔اس کے آفیسرز ہوں یا سینئرز ، ایک نظام کے پابند ہیں۔ اس بات کا بہت سختی سے خیال رکھا جاتا ہے ۔ لہٰذا آج بہت سی ضروریات بدل گئی ہیں۔ اہلیت اور شرائط میں غیر اعلانیہ فرق آگیا ہے۔
آپ نے اگر آرمی آفیسر بننے کا فیصلہ کیا ہے تو بڑا خوش آئند فیصلہ ہے۔ اب یہ اعتماد بھی رکھیں کہ آپ سلیکٹ بھی ہوں گے۔ کچھ وقت گزرنے کے بعد آپ مجھے بھی اطلاع دیں گے کہ میں ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد پہنچ چکا ہوں۔ اس سارے پراسس کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے چند باتیں اگر سمجھ لیں تو یقینًا کامیابی کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
آرمی آفیسر بننے کا شوق اکثر نوجوانوں میں موجود ہوتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے نغمے بچوں کے جوش و خروش میں بے پناہ اضافہ کرتے ہیں۔ بچپن سے ہی سلوٹوں کے بغیر یونیفارم بہت زیادہ توجہ کا باعث بنتی ہے۔ 23 مارچ یوم پاکستان کی پریڈ خاص طور پر دلچسپی کا باعث بھی ہوتی ہے اور آرمی آفیسر بننے کا شوق بڑھانے کا سبب بھی۔ ایف اے / ایف ایس سی کے بعد بڑی تعداد فوج میں اپلائی بھی کرتی ہے۔ انتخاب تو بہرحال محدود تعداد کا ہی ہوتا ہے۔ کئی نوجوان دوسری کوشش بھی کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے آرمی آفیسر بننے کے حوالے سے بہت سی باتیں مشہور ہیں۔
اہلیت
- ایف اے / ایف ایس سی 60%
- عمر۔ 17 سال سے 22 سال۔
- جنس۔ مرد ازدواجی حیثیت۔ غیر شادی شدہ
- قومیت۔ پاکستان کا شہری ہو اور حتمی انتخاب پر دوسری شہریت کے حامل امیدوار کو پاکستان کے علاوہ دوسری شہریت سے دستبردار ہونا پڑے گا۔
- جسمانی معیار
- کم از کم قد۔ 5 فٹ 5 انچ
- کھلی ہوئی چھاتی Chest
- وزن۔ جسمانی معیار کے مطابق
ابتدائی تحریری امتحان کا اصل ہدف آپ کی ذہانت ہوتا ہے۔ 18 سال کا نوجوان جتنا ذہین ہوتا ہے اتنا ہی ہونا چاہیے۔ یہ امتحان وہ طالب علم بہتر طور پر دے پاتا ہے جس کا ذہن اور جسم چست مگر Relax ہو یعنی دباؤ میں نہ ہوجائے۔ دباؤ میں ذہانت کا استعمال کم ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک جسمانی ٹیسٹ بھی ہوگاجس میں آپ کی کئی چیزیں چیک کی جائیں گی۔ ابتدائی سلیکشن سنٹر میں ابتدائی ذہنی اور جسمانی ٹیسٹوں کے بعد ISSB میں بھیجنے کے لیے شارٹ لسٹ کیے جاتے ہیں۔
ابتدائی ٹیسٹ
آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سنٹر میں ابتدائی سلیکشن کی جاتی ہے۔ یہاں تین طرح کے ٹیسٹ ہوتے ہیں۔
-
ذہانت کا تحریری امتحان
-
جسمانی امتحان
- 1.6، کلومیٹر دوڑ 8.5 منٹ
- 15 پش آپس 2 منٹ
- 15 سٹ آپس 2 منٹ
- 3 مرتبہ چن آپس 2 منٹ
- خندق پھلانگنا 4.7 4.7 x، گہرائی 4 فٹ
-
انٹرویو
ان تینوں سرگرمیوں میں آپ کی کارکردگی کی بنا پر شارٹ لسٹ کرکے ویب سائٹ پر اعلان کردیا جاتا ہے اور ہر منتخب اسٹوڈنٹ کا کال لیٹر بھیج دیا جا تا ہے۔
ISSB كا مرحلہ
تمام تفصیلات الگ مضمون میں دی گئی ہیں ۔
فائنل سیلیکشن
آئی ایس ایس بی سے سلکشن ہونے کے بعد تمام مجوزہ Recommended نام فائنل سلکشن کے لیے جی ایچ کیو ، راولپنڈی بھیج دیے جاتے ہیں ۔ ضروری کاروائی کے بعد فائنل لسٹ تیار ہوتی ہے اور مجاز اتھارٹی سے منظوری لینے کے بعد منتخب امیدواروں کو اطلاع دے دی جاتی ہے ۔
Views: 6730