Army Medical Cadet - Army Doctor

آرمی ڈاکٹر

آرمی میڈیکل کیڈٹ

Yousuf Almas

ڈاکٹر بننے کا شوق طلبہ و طالبات میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھ رہا ہے۔ دوسری طرف یہ شعبہ ایسا ہے جس کا اسکوپ کبھی کم نہیں ہوگا۔ جب تک انسان موجود ہیں تب تک میڈیکل اور  انجینئرنگ کے شعبے اسی طرح رہیں گے بلکہ ہر آنے والا کل ان میں بہتری لائے گا۔ اگر بات آرمی ڈاکٹر کی کی جائے تو اس کی بات ہی الگ ہے۔ طلبہ و طالبات تو محض ان کا یونیفارم دیکھ کر ہی رال ٹپکا لیتے ہیں۔ آرمی ڈاکٹر بننے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔ مگر طریق کار سے ناواقف ہونے کی وجہ سے بس اِدھر اُدھر کی سن کر محض گپ شپ اور قصوں اور کہانیوں میں وقت بھی ضائع کرتے ہیں اور وسائل بھی ۔

اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنے طبعی میلان اور ذہن رجحان کو دیکھ کر اور میٹرک اور انٹر میں اپنے نمبروں کو پیش نظر رکھ کر فیصلہ کریں۔ معلومات پر مبنی فیصلہ کبھی بھی آپ کو پریشان نہیں کرے گا۔ آپ اپنے لیے ایک شرٹ لیتے ہوئے دس بار سوچتے ہیں، کبھی شیشے کے سامنے جسم سے لگا کر دیکھتے ہیں اور کبھی ساتھ دوست سے پوچھتے ہیں اور کبھی دوکاندار سے مشورہ کرتے ہیں لیکن زندگی کے راستے کا انتخاب کرنے کے لیے آپ کے پاس ایک گھنٹہ وقت نہیں۔ تعجب ہے کہ آپ کے نزدیک آپ کی اپنی زندگی کی اہمیت نہیں۔

آرمی میڈیکل ڈاکٹر بننے کا تفصیلی طریق کار دیا جارہاہے تاکہ آپ ٹھیک طرح سے سمجھ لیں۔

 

1۔شرائط اہلیت

  • الف۔ عمر:         17-21 سال
  • ب۔ جنس:         مرد
  • ج۔ ازدواجی حیثیت :        غیر شادی شدہ
  • د۔قومیت۔        پاکستان کے شہری اور آزاد کشمیر/ گلگت بلتستان کے ڈومیسائل کے حامل افراد ( ریاستی باشندگان) فائنل سلیکشن پر دوہری شہریت کے حامل افراد کو پاکستان کے علاوہ شہریت سے دستبردار ہونا پڑے گا۔
  • ر۔جسمانی معیار۔ 
    • قد۔     کم از کم 5  فٹ 4 انچ ( 162.5 سنٹی میٹر)     
    • وزن۔   جسامت کے مطابق ( باڈی ماس انڈیکس)

2۔ تعلیمی قابلیت

  1. ایف ایس سی پری میڈیکل کم از کم 70 فیصد نمبروں کے ساتھ یا اے لیول میں بائیولوجی، فزکس اور کیمسٹری کے ساتھ سی گریڈ میں پاس ہو۔
  2. مخصوص علاقوں، بشمول بلوچستان، فاٹا، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر، صوبہ سندھ( تھرپارکراور تحصیل عمر کوٹ) کا ڈومیسائل رکھنے والے ایسے امیدوار جنہوں نے درحقیقت انہی علاقوں سے 65 فیصد نمبر وں کے ساتھ تعلیم حاصل کی ہو۔
  3.  امیدوار جو غیر ملکی اسناد کا حامل ہو مثلًا او۔لیول یا اے-لیول وغیرہ اس کو مساوی سرٹیفکیٹ انٹربورڈ کمیٹی آف چیئرمین اسلام آباد IBCC سے حاصل کرنے کی ضرورت ہےجسے درخواست کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
  4.  وہ امیدوار بھی درخواست دے سکتے ہیں جنہوں نے کم از کم 70 فیصد نمبر لے کر انٹرمیڈیٹ  پارٹ 1 کا امتحان پاس کرلیا ہو اور جنہوں نے فائنل امتحان / پارٹ 2 دے دیا ہو یا دے رہے ہوں اور جن کے پاس اپنے اداروں کے سربراہ کی طرف سے جارہ کردہ ہوپ سرٹیفیکیٹ موجود ہو۔

3۔ رجسٹریشن اور ابتدائی طریقہ  انتخاب

امیدوار بذریعہ انٹرنیٹ یا آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سنٹرز( AS&RCs) میں آکر رجسٹریشن کراسکتے ہیں جس کے لیے درج ذیل طریقہ اختیار کیا جائے گا۔

  • الف۔ رجسٹریشن بذریعہ انٹرنیٹ: امیدواران بذریعہ انٹرنیٹ آرمی ویب سائٹ www.joinpakarmy.gov.pk  پر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ امیدوار کو اس کے ای میل ایڈریس پر امتحان کی تاریخ اور وقت سے بذریعہ انٹرنیٹ آگاہ کیا جائے گا۔ لہٰذا امیدوار کے پاس ای میل ایڈریس ہونا لازمی ہے۔ امیدوار کو کمپیوٹرائزڈ رول نمبر سلپ پر درج تاریخ اور وقت کے مطابق ابتدائی امتحان کے لیے حاضر ہونا ہوگا۔ دی گئی تاریخ میں تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ امیدوار کو ٹیسٹ والے دن پیرا 6 کے مطابق تمام دستاویزات ہمراہ لانا اور پراسپکٹس فیس ادا کرنا ہوگی۔ امیدوار کے لیے کمپیوٹر کا علم ضروری ہے کیونکہ رجسٹریشن اور امتحانات بذریعہ کمپیوٹر ہوں گے۔
  • ب۔ آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ (AS&RC)میں رجسٹریشن: امیدواران رجسٹریشن اور رول نمبر کے حصول کے لیے پیرا 6 میں دی گئی دستاویزات اور پراسپکٹس فیس کے ہمراہ اپنے نزدیکی سلیکشن سینٹر ( رجوع کرسکتے ہیں)۔ امیدوار ٹیسٹ کے دن بھی یہ تمام دستاویزات ہمراہ لائیں ۔
  • ج۔ رجسٹریشن / ابتدائی ٹیسٹ کا شیڈول: رجسٹریشن اور ابتدائی امتحانات دیئے گئے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
  • د۔ تحریری اور ذہانت کا امتحان: تحریری اور ذہانت کا امتحان کثیر الانتخاب سوالات کی بنیاد پر منعقد ہوگا۔ تحریری امتحان میں پاس ہونے والے امیدواروں کو بھرتی دفتر میں جسمانی اور میڈیکل ٹیسٹ کے عمل سے گزرنا ہوگا۔
  • ر۔ جسمانی امتحان: امیدواران کو ابتدائی انتخاب کے وقت درج ذیل جسمانی معیار پر پورا اترنا ہوگا۔
    • 1.6 کلومیٹر کی دور          8.5 منٹ
    • پُش اپس                    2 منٹ میں 15 مرتبہ
    • سِٹ اَپس                   2 منٹ میں 15 مرتبہ
    • چِن اَپس                   2 منٹ میں 3 مرتبہ
    • خندق پھلانگنا       4 فٹ 7 انچ x 4 فٹ 7  انچ  اور 4 فٹ گہرائی
  • ز۔  ابتدائی طبی معائنہ:     ابتدائی طبی ٹیسٹ بھرتی دفتر  میں ہوگا۔

4۔ مزید انتخاب       

صرف Short Listed امیدواروں کو انٹیلی جنس / پرسنلٹی ٹیسٹ اور انٹرویو کے لیے آرمی میڈیکل کالج میں بلایاجائے گا۔ سفارش کردہ امیدواروں کا طبی معائنہ نزدیکی سی ایم ایچ میں ہوگا۔ امیدواروں کا حتمی انتخاب ان کی مجموعی کارکردگی کی بنا پر جی ایچ کیو میں کیا جائے گا۔

5۔ تربیت کا دورانیہ

الف۔ اکیڈمک

  1. ایم بی بی ایس            آرمی میڈیکل کالج میں  5 سال کی تعلیم
  2. بی ڈی ایس کورس      آرمی میڈیکل کالج میں 4 سال کی تعلیم

ب۔ ملٹری:

فائنل پروفیشنل امتحان کے بعد پاکستان ملٹری اکیڈمی میں 22 ہفتے کی ملٹری ٹریننگ۔

AS & RCs پر مطلوب دستاویزات

  • میٹرک سرٹیفیکیٹ کی دو عدد مصدقہ کاپیاں۔ او۔لیول یا اے۔لیول ہونے کی صورت میں آئی بی سی سی سے جاری کردہ مساوی سرٹیفیکٹ جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
  • دو عدد شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ فوٹو شدہ کاپیاں یا نادرا سے جارہ کردہ فارم 'ب'۔
  • ایف ایس سی پارٹ-I کی ڈیٹیل مارکس سرٹیفیکیٹ اور اداروں کے سربراہ کی طرف سے جارہ کردہ ہوپ سرٹیفیکیٹ ( ایف ایس سی پارٹ ٹومیں 70 فیصد متوقع نمبر) کی مصدقہ فوٹو  کاپیاں۔
  • پاسپورٹ سائز کی تصدیق شدہ 4 عدد کلر تصویریں۔
  • وہ امیدواران جو ایف ایس سی پارٹ ٹو پاس کرچکے ہیں ڈیٹٰیل مارکس شیٹ کی دو عدد تصدیق فوٹو کاپیاں۔
  • ز۔ کراس پوسٹل آرڈرمبلغ 100 روپے بنام ڈائریکٹر جنرل پرسنل ایڈمنسٹریشن (DGPA) جی ایچ کیو راولپنڈی۔ پے آرڈر   / بینک ڈرافٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔

7۔ عہدنامہ

حتمی طور پر منتخب امیدواروں کو آرمی میں کم از کم 13 سال ملازمت کے عہدنامے پر دستخط کرنا ہونگے۔ عہدنامے کا اطلاق آرمی میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس / بی ڈی ایس کی ڈگری تکمیل کے بعد ہوگا۔


Views: 6653