فیشن ڈیزائننگ - Fashion Design
یوسف الماس
انسان ابتداءہی سے اپنی شخصیت کے بارے میں بہت حساس واقع ہوا ہے۔ شخصیت میں بہتری اور نکھار اس کا مرغوب مشغلہ رہا ہے ۔ ہر سطح کا انسان خواہ امیر ہو یا غریب اس کام میں خرچ کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا۔ خواتین میں یہ چیز دو چند ہوجاتی ہے۔ زرق برق لباس، زیورات، دیگر ظاہری بناﺅ سنگھار، خواہ مہندی ہو یا کچھ اور ۔ یہ سب کچھ شروع سے ہی کسی نہ کسی انداز سے چلا آرہا ہے۔ مختلف زمانوں اور تہذیبوںنے اپنے افکار و نظریات کی بنیاد پر ان میں تبدیلیاں ضرور کیں۔ آج کے دورمیں خواتین و حضرات کے تمام تر ظاہری بناﺅ سنگھار سے تعلق رکھنے والی تمام تر اشیاءاور کاموں کو فیشن ڈیزائن کا نام دیا گیا۔
رنگوں اور لکیروں کا یہ کھیل جو کپڑوں، جوتوں، زیورات اور استعمال کی دیگر ا شیاءکے ساتھ بھی جاری رہتا ہے۔ مقصد صرف ایک ہی ہے کہ انسان اچھا نظر آئے، خوبصورتی میں اضافہ ہو، معاشرے میں نمایاں نظر آئے۔ لہٰذا یہ شعبہ اپنے کیرئیر کے اعتبار سے بہت مشکل اور ہر دن اپنے اندر ایک مقابلہ رکھتاہے۔ مارکیٹ میں کپڑے، جوتے، زیورات اور دیگر اشیاءکی نئی سے نئی ورائٹی لانا تمام انسانوں کی خواہشات اور ضروریات کو پورا کرنا ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب ہر روز بے شمار باصلاحیت طلبہ و طالبات اس شعبے میں آرہے ہیں۔ جو انفرادی طور پر یا کسی ادارے اور کمپنی کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔
آپ جس بھی ذیلی شعبے کا انتخاب کریں اس میں اچھی تعلیم، لوگوں کے طرزِ حیات سے واقفیت، رسوم و رواج سے آگاہی ، مشاہدے کی اچھی صلاحیت، مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کا گہرا مطالعہ، مارکیٹ کی ضروریات پر پوری نظر اور مختلف کورسز آپ میں نکھار پیدا کریں گے اور مقابلے کی اس دوڑ میں آپ کے لیے کامیابی ممکن ہوسکے گی۔
یہ شعبہ پرکشش ہونے کے ساتھ ساتھ خاص طرح کی صلاحیت مانگتا ہے۔ نصابی اور غیر نصابی مصروفیات اور اخراجات بہت زیادہ ہیں۔ اس شعبے میں آنے والے ہر فرد کو ان تمام باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ پاکستان کے تمام بڑے بڑے شہروں میں یہ شعبہ کسی نہ کسی تعلیمی ادارے میں پڑھایا جارہاہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ معاشرے کو اچھے ، پڑھے لکھے، سنجیدہ ڈیزائنرز کی اشد ضرورت ہے۔
Views: 4354